اورنگ آباد،23؍ فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے بہار میں اورنگ آباد کے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم )کنول تنج اور دیگر افرادکے خلاف آج بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔حکام نے بتایا کہ معاملہ ہندوستانی ریلوے بجلی کمپنی لمیٹڈ(بی آربی سی ایل )کے پاور پلانٹ کے لئے ضلع کے نبی نگر علاقے میں زمین کے حصول میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔یہ این ٹی پی سی کے ماتحت کمپنی ہے۔ایجنسی نے کیس کی بابت آج ضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ پر تلاشی لی۔سی بی آئی کی ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی طرف سے سات ایکڑ زمین کو غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے کے سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔کسی دوسرے شخص کو زمین کا مالک دکھایا گیا، جن کی اب موت ہو چکی ہے۔سی بی آئی نے دعویٰ کیاکہ سامنے آیا ہے کہ نبی نگر میں بی آر بی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سی شیو کمار نے تنج اور کمپنی اور ضلع انتظامیہ کے نامعلوم افسران اور گوپال پرساد سنگھ کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچی۔سنگھ کی موت ہو چکی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ہندوستانی انتظامی خدمات (آئی اے ایس) کے بہار کیڈر کے آفیسر تنج نے جعلی کاغذات بنائے اور سنگھ کو زمین کا مالک دکھایا۔